عمران خان کی ہسپتال منتقلی: عظمیٰ خان نے توہین عدالت کیس کی جلد سماعت کیلئے ایک اور درخواست دائر کردی


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر ان کی بہن عظمیٰ خان نے توہین عدالت کی درخواست کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور رواں یا آئندہ ہفتے اس پر سماعت کی جائے۔
درخواست گزار کے مطابق رجسٹرار آفس نے فوری سماعت کی پہلی درخواست مسترد کردی تھی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویش برقرار ہے اور انہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔
عظمیٰ خان نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر جان بوجھ کر عملدرآمد نہیں کیا گیا، لہٰذا عدالت اپنے حکم پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست کو 16 ستمبر 2026 کو سماعت کے لیے مقرر کر رکھا ہے۔ درخواست کی سماعت تین رکنی بینچ کرے گا، جس میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شامل ہیں۔