سانحہ پمز کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پمز ہسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے دلخراش آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست دائر کردی گئی۔ واقعے میں نومولود بچوں کی اموات ہوئی تھیں اور حکومت کی جانب سے بھی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔

احتشام کیانی کے مطابق قاسم اقبال جلالی ایڈووکیٹ نے ذاتی حیثیت میں درخواست دائر کی، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج یا سیشن جج ویسٹ پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 26 اگست کو پمز ہسپتال میں اندوہناک واقعہ پیش آیا، لہٰذا واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے فرانزک تحقیقات کرانے کا حکم دیا جائے۔

درخواست گزار نے پمز ہسپتال کے فائر الارم سسٹم کا مکمل آڈٹ کرانے کی بھی استدعا کی ہے تاکہ ہسپتال میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات اور حفاظتی نظام کا جائزہ لیا جاسکے۔

درخواست میں وفاق، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری صحت، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button