خیبر پختونخوا کے مزید 32 سرکاری ہسپتال نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا حکومت نے کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مزید 32 سرکاری ہسپتالوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق نجی شعبے کے حوالے کیے جانے والے ہسپتالوں میں 21 کیٹگری ڈی، 5 رورل ہیلتھ سینٹرز (آر ایچ سی) اور 6 کیٹگری بی ہسپتال شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورس کیے جانے والے ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹرز کی دستیابی اور ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی لازمی ہوگی، جبکہ انتظام سنبھالنے سے قبل نجی اداروں کی مالی حیثیت اور استعداد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
32 سرکاری ہسپتالوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی جاری ہے، جس کے ذریعے ان کی موجودہ کارکردگی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
حکام کے مطابق نجی شراکت داروں کو آؤٹ سورس کیے گئے ہسپتالوں کے لیے سرکاری بجٹ سہ ماہی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام کا مقصد ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانا اور شہریوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
آؤٹ سورسنگ کے بعد خیبر پختونخوا میں نجی انتظام کے تحت چلنے والے سرکاری ہسپتالوں کی تعداد 50 ہوجائے گی۔



