پنجاب کے 57 بڑے سرکاری ہسپتالوں کے گرد فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے صوبے کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیے فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے احکامات جاری کردیے۔

محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں صوبے بھر کے 57 سرکاری ہسپتالوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، جہاں ضرورت کے مطابق نئے فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو اور دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔ تمام واسا ایجنسیوں کو اہم مقامات کی نشاندہی اور فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

بڑے سرکاری ہسپتالوں کے قریب پہلے سے موجود فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی اور فعالیت کا بھی فوری جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ضرورت کے مطابق مزید ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فائر فائٹنگ کی مؤثر سہولت دستیاب ہو۔

ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو مکمل معاونت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ محکمہ ہاؤسنگ اور متعلقہ ادارے ہسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب اور نظام کو مضبوط بنانے میں تعاون کریں گے۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں پیش آنے والے حالیہ افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کے پیش نظر پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button