گیس سبسڈی اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی ضروری ہے، علی پرویز ملک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے، تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمت کی جانب مرحلہ وار منتقلی ضروری ہے۔
کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ادارے کی کارکردگی، اصلاحات، آپریشنل امور اور مالی پائیداری کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں ایس ایس جی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور حکام نے ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق گیس ڈسٹری بیوشن سسٹم میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ یون پرائسنگ فیکٹر (یو ایف جی) میں 57 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کے الیکٹرک، صنعتی صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کے لیے گیس لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، جبکہ گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس فراہم کی جارہی ہے۔
علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی ایل بورڈ کو ادارے کی مالی و انتظامی پائیداری بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنل کارکردگی، ریونیو ریکوری اور وسائل کے مؤثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس چوری اور نقصانات میں کمی ایس ایس جی سی ایل کی مالی پائیداری کے لیے ناگزیر ہے۔ بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں جبکہ گیس چوری، تکنیکی مسائل اور انفراسٹرکچر سے متعلق رکاوٹوں کا مؤثر تدارک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ گیس کے گردشی قرضے میں اضافے کو تقریباً روک دیا گیا ہے۔ حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ کمزور طبقات کو ٹارگٹڈ سماجی تحفظ کے پروگرامز کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے، جبکہ گیس سیکٹر میں اصلاحات کا مقصد نظام کو مؤثر، شفاف اور مالی طور پر پائیدار بنانا ہے۔



