خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ، پشاور(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان، بنوں اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں۔
بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ کارروائی کے بعد اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے بارودی مواد کی مدد سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر انہیں گھیرے میں لیا اور مؤثر کارروائی کی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دہشت گردوں کو کوارڈ کاپٹر کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا اور مقامی آبادی کو کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔



