پمز سانحہ: ابتدائی ریسکیو آپریشن مکمل، تمام بچوں کی میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پمز اسپتال میں آتشزدگی کا ابتدائی ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور تمام جاں بحق بچوں کی میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے، جبکہ ابتدائی رپورٹ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو ارسال کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیم اطلاع ملنے کے صرف 6 منٹ بعد پمز اسپتال پہنچ گئی تھی، جبکہ آپریشن کے فوری بعد تمام متعلقہ انتظامی افسران بھی موقع پر موجود تھے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو انکوائری کے دوران سامنے آجائے گی اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔

طلال چوہدری کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام اہم شواہد محفوظ کرلیے گئے ہیں۔ واقعے کے وقت نرسری میں کتنے ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود تھا، اس کا بھی تحقیقاتی عمل میں تعین کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آج صبح پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔ اسپتال حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسری میں 16 بچے موجود تھے، جن میں سے ایک بچے کو بچا لیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button