پمز سانحہ: پی ایم اے کا ذمہ داران کو عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) سینٹرل نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی اموات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کے تمام ذمہ داران کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
پی ایم اے سینٹرل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے کہا کہ ملک بھر کے اسپتالوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، جبکہ کراچی کے متعدد اسپتالوں میں بھی آگ بجھانے کے آلات اور دیگر ضروری حفاظتی انتظامات کی مناسب سہولیات موجود نہیں۔
ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ پمز سانحے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعات کے بعد انکوائری کمیٹیاں تو تشکیل دے دی جاتی ہیں، تاہم چند روز گزرنے کے بعد معاملہ بھلا دیا جاتا ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے محض تحقیقات کافی نہیں بلکہ عملی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
سیکرٹری جنرل پی ایم اے سینٹرل نے ملک بھر کے ہیلتھ کیئر کمیشنز کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کا باقاعدہ اور جامع معائنہ کیا جائے اور فائر سیفٹی سمیت تمام ضروری حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔



