سلمان خان اپنے ہمشکل کی مدد کیلئے میدان میں آگئے

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنے ہم شکل اور باڈی ڈبل پرویز قاضی کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر مالی اور طبی معاونت کرکے ایک بار پھر ساتھیوں سے اپنی وابستگی کا اظہار کردیا۔

رپورٹس کے مطابق 6 اگست کو پرویز قاضی گھر پر موجود تھے جب ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں چیک اپ کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ مختلف ٹیسٹوں کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال میں داخل کرلیا، جہاں ان کے دل کی معمولی سرجری کی گئی۔

پرویز قاضی کے منیجر پیوش نے وضاحت کی کہ انہیں دل کا دورہ نہیں پڑا تھا اور نہ ہی شوٹنگ کے دوران طبیعت خراب ہوئی، بلکہ گھر پر طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو جب پرویز قاضی کی بیماری کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر ان کی مدد کی اور علاج کے تمام اخراجات خود برداشت کیے۔

منیجر کے مطابق سلمان خان پرویز قاضی کو چھوٹے بھائی کی طرح سمجھتے ہیں۔ پرویز اب صحت یاب ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں چند روز آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے بعد وہ دوبارہ کام شروع کریں گے۔

پرویز قاضی گزشتہ کئی برسوں سے سلمان خان کے ساتھ بطور باڈی ڈبل کام کر رہے ہیں۔ وہ پریم رتن دھن پایو، سلطان، ٹائیگر زندہ ہے، ریس 3، بھارت اور دبنگ 3 سمیت متعدد فلموں میں سلمان خان کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

سلمان خان سے غیر معمولی مشابہت رکھنے والے پرویز قاضی فلموں میں خطرناک مناظر اور دور کے شاٹس کے دوران اداکار کی جگہ پرفارم کرتے ہیں۔

دوسری جانب سلمان خان ان دنوں اپنی نئی ایکشن فلم مانسٹر کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری وامشی پیڈیپلی کررہے ہیں اور اسے آئندہ سال عید کے موقع پر ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button