ایران مکمل پیمانے کی معاشی، عسکری اور سکیورٹی جنگ کا سامنا کر رہا ہے، مسعود پزشکیان

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اس وقت مکمل پیمانے کی معاشی، عسکری اور سکیورٹی جنگ کا سامنا کر رہا ہے۔

ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو ایک اور وینزویلا بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم ایرانی مزاحمت، یکجہتی اور اتحاد نے ملک کو ایسی طاقت کے طور پر منوایا جس نے دنیا کو حیران کردیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کے دشمن مسائل پیدا کرکے معاشرے میں تقسیم اور پھوٹ ڈالنے کی امید رکھتے ہیں، تاہم ایران تقسیم، تنازعات اور انا پرستی سے بچنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گا۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے ایک غیر معمولی کارنامہ انجام دیا ہے، ملک اس وقت مکمل جنگ کی صورتحال میں ہے اور معاشی، فوجی اور سکیورٹی محاذوں پر بیک وقت دباؤ کا سامنا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ حکومت اس بات پر شرمندہ ہے کہ ملک کی معیشت کو سنگین مسائل درپیش ہیں۔

ایرانی صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سخت پابندیوں کی دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا آسانی سے ایران پر انتہائی سخت پابندیاں عائد کرنے کی بات کرتا ہے، تاہم ایران ثابت قدم ہے اور اس غیر مساوی جنگ کے سامنے عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button