یومِ نیلہ بٹ آج منایا جا رہا ہے، تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے عزم کی تجدید

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) ہر سال 23 اگست کو یومِ نیلہ بٹ تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے اہم سنگِ میل کے طور پر منایا جاتا ہے، اس موقع پر کشمیری عوام آزادی کی جدوجہد، قربانیوں اور پاکستان سے الحاق کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

17 اگست 1947 کو ریڈکلف ایوارڈ کے تحت گورداسپور بھارت کے حصے میں آنے کے بعد بھارت کو کشمیر تک زمینی راستہ میسر آگیا۔ اس کے چند روز بعد 23 اگست 1947 کو نیلہ بٹ میں کشمیری مسلمانوں، سیاسی کارکنوں اور سابق فوجیوں کا بڑا اجتماع ہوا۔

اس موقع پر صرف 23 برس کی عمر میں سردار محمد عبدالقیوم خان نے ڈوگرہ حکومت کے ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کا علم بلند کیا۔ فرزندِ مجاہدِ اول سردار عتیق احمد خان کے مطابق نیلہ بٹ سے تحریکِ آزادیٔ کشمیر کی عملی جدوجہد کا آغاز ہوا اور ریاست کے پاکستان سے الحاق کا مطالبہ سامنے آیا۔

سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد عبدالقیوم خان کے مطابق نیلہ بٹ پر ڈوگرہ فوج کے حملے کے دوران کشمیریوں نے بھرپور مزاحمت کی، جس میں متعدد افراد شہید ہوئے۔ بعد ازاں سردار محمد عبدالقیوم خان کو نیلہ بٹ سے آزادی کی جدوجہد شروع کرنے پر مجاہدِ اول کا خطاب دیا گیا۔

یومِ نیلہ بٹ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد اور قربانیوں کو یاد رکھنے اور اس مقصد کے لیے عزم کی تجدید کا دن قرار دیا جاتا ہے۔ نیلہ بٹ آج بھی کشمیریوں کے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے عزم کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button