کے ایم سی ہیڈ آفس میں خوفناک آگ، میئر کراچی کا دفتر مکمل جل گیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) ایم اے جناح روڈ پر واقع کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) ہیڈ آفس میں اچانک خوفناک آتشزدگی سے بھگدڑ مچ گئی، آگ کے نتیجے میں میئر کراچی کا دفتر مکمل طور پر جل گیا جبکہ فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کے ایم سی ہیڈ آفس میں میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور اس کے شعلوں نے میئر کراچی کے دفتر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں میئر کراچی کے دفتر کا سامان اور دیگر اشیا جل کر تباہ ہوگئیں۔ فائر بریگیڈ کی تین فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔
حکام کے مطابق خوش قسمتی سے آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی فوری وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جس کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔
واقعے کے بعد کے ایم سی ہیڈ آفس میں سیکیورٹی اور فائر سیفٹی انتظامات سے متعلق بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات اور نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز بھی لانڈھی پروسیسنگ زون میں واقع ایک کپڑے کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں فیکٹری کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔
ریسکیو حکام نے آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کو مخدوش قرار دے دیا تھا۔
کراچی میں مسلسل آتشزدگی کے واقعات نے ایک مرتبہ پھر صنعتی اور سرکاری عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات پر اہم سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔



