اب 20لاکھ نہیں 40 لاکھ لوگ لے کر جائیں گے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا 27 اگست کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے 27 اگست کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار 20 نہیں بلکہ 40 لاکھ افراد لے کر اسلام آباد جائیں گے۔

ہنگو میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے نظر انداز کرکے عدلیہ کی توہین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ ملک میں کچھ لوگ خود کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ان کے خلاف عدالت، ایف آئی اے یا کسی دوسرے ادارے کا حکم جاری ہو تو فوری عملدرآمد ہوجاتا ہے، لیکن عمران خان کے علاج کے لیے عدالتوں کی جانب سے دی گئی مہلت کے باوجود فیصلے پر عمل نہیں کیا گیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر عدالتیں طاقتور افراد کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لاسکتیں تو پھر کمزور اور مظلوم افراد کو سزائیں دینے کا بھی کوئی جواز نہیں۔ ان کے بقول ملک میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شروع کردہ جدوجہد کا مقصد کمزور اور طاقتور کے لیے یکساں قانون کا قیام ہے۔ کسان پریشان ہے جبکہ صنعتکار سرمایہ ملک سے باہر منتقل کر رہا ہے، ایسے حالات میں نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی خواتین کے خلاف مبینہ ظلم و جبر اور عمران خان کی بہنوں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ’’ہم خان سے جنون کی حد تک عشق کرتے ہیں اور ان کی بہن کے ایک ایک آنسو کی قیمت چکائیں گے۔‘‘

مزید خبریں

Back to top button