حکومت کو یہ بات پسند ہو یا نہ ہو، عمران خان سابق وزیراعظم ہیں، شرمیلا فاروقی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو یہ بات پسند ہو یا نہ ہو، عمران خان سابق وزیراعظم ہیں۔
شرمیلا فاروقی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں کشمکش کی کیفیت ہے جبکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی دھاندلی کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا گیا، حکومت چاہتی تو پہلے ہی عمران خان کو اسپتال منتقل کرکے میڈیکل بورڈ تشکیل دے سکتی تھی۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ ’’حکومت کو پسند ہو یا نہ ہو، لیکن بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں۔‘‘
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ملک میں بجلی، پیٹرول اور غربت جیسے اہم مسائل زیر بحث ہونے چاہئیں، لیکن اس وقت ساری توجہ عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کو آخر کس چیز کی پریشانی یا خوف ہے، یہ حکومت خود ہی بتا سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیراعظم کو ’’فلور آف دی ہاؤس‘‘ مخاطب کرنے کے معاملے پر بھی شرمیلا فاروقی نے گفتگو کی اور کہا کہ اس معاملے کو بھی متنازع بنا دیا گیا۔



