عبداللہ طاہر قتل کیس: قاتلوں کی عدم گرفتاری پر مقتول کے بیٹے کا اہم بیان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر مقتول کے بیٹے احسان اللہ طاہر نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کردی۔
احسان اللہ طاہر نے کہا کہ پولیس تاحال ان کے والد کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کرسکی اور نہ ہی اہلخانہ کو قاتلوں کے بارے میں کوئی واضح معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں پولیس پر حملے کے ملزمان کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچایا گیا، تاہم ان کے والد کے قتل کے معاملے میں پیش رفت نظر نہیں آرہی۔
احسان اللہ طاہر نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے ریت کے ٹھیکے کی کوئی بولی نہیں لگائی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ڈی کے ہاتھوں کسی کو قتل کروانے سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں، اعلیٰ حکام عبداللہ طاہر کے قاتلوں کی گرفتاری یقینی بنا کر اہلخانہ کو انصاف فراہم کریں۔
واضح رہے کہ عبداللہ طاہر قتل کیس میں پولیس کی جانب سے اس سے قبل متعدد افراد کو حراست میں لیے جانے اور تفتیش میں مختلف پیش رفت کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔



