مفت ٹریکٹر کا جھانسہ، زمینداروں سے فراڈ کا نیا طریقہ سامنے آگیا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) زرعی ترقیاتی بینک پنجاب سے ماضی میں قرضہ لینے والے زمینداروں کو مفت ٹریکٹر دینے کا جھانسہ دے کر مبینہ فراڈ کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل نمبروں سے خواتین خود کو کمپنی افسران ظاہر کرکے شہریوں کو کال کرتی ہیں اور سابقہ قرضوں کا حوالہ دیتے ہوئے مفت ٹریکٹر دینے کی پیشکش کرتی ہیں۔

مبینہ فراڈ کے دوران شہری کو فون پر مصروف رکھتے ہوئے مفت ٹریکٹر کی آن لائن بکنگ کا جعلی عمل دکھایا جاتا ہے۔ اسی دوران شہری کے موبائل فون پر ایک کوڈ بھیجا جاتا ہے اور بکنگ مکمل کرنے کے نام پر وہ کوڈ حاصل کرلیا جاتا ہے۔

فراڈ کرنے والے مبینہ طور پر اسی کوڈ کے ذریعے شہری کے دوسرے موبائل فون پر واٹس ایپ اکاؤنٹ فعال کرکے ہیک کرلیتے ہیں۔

واٹس ایپ تک رسائی حاصل کرنے کے بعد ملزمان ایڈریس بک میں موجود افراد کو پیغامات بھیج کر مختلف بہانوں سے رقوم بٹورنے کی کوشش کرتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں اس نوعیت کی نوسربازی میں عموماً مرد ملوث ہوتے تھے، تاہم اب خواتین کو بھی مبینہ طور پر اس نیٹ ورک کا حصہ بنایا گیا ہے۔

متاثرہ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسے گروہوں کے پاس بینکوں اور شہریوں کا ذاتی ڈیٹا موجود ہوتا ہے، جسے استعمال کرکے انہیں مخصوص انداز میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔

شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بینکنگ ڈیٹا کے ممکنہ غیر قانونی استعمال اور واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے والے گروہوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button