بھانجے کو چھڑانے تھانے پہنچا سب انسپکٹر، بہن سمیت حوالات میں بند

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) تھانہ کوٹ لکھپت میں زیر حراست بھانجے کو چھڑانے کی کوشش پر سب انسپکٹر اور اس کی بہن کے خلاف مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر جنید احمد اپنی بہن کے ہمراہ تھانے میں داخل ہوا اور اپنے بھانجے زین علی عرف سورج کو چھڑانے کی کوشش کی۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ باوردی سب انسپکٹر اور اس کی بہن نے پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی اور گالم گلوچ کی۔
پولیس نے دونوں بہن بھائیوں کو گرفتار کرکے تھانہ کوٹ لکھپت کی حوالات میں بند کردیا۔ دونوں کے خلاف انویسٹی گیشن ونگ کے سب انسپکٹر محمد اکبر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق زین علی عرف سورج پہلے ہی ایک مقدمے میں مطلوب تھا اور انویسٹی گیشن پولیس تھانہ کوٹ لکھپت نے اسے گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق جنید احمد انویسٹی گیشن ونگ ہیڈکوارٹر میں بطور سب انسپکٹر تعینات ہے۔ دونوں کے خلاف اختیارات سے تجاوز، سرکاری کام میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر حملے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔



