امریکی پابندیاں پہلے بھی ناکام ہوئیں، موجودہ اقتصادی دباؤ بھی ناکام ہوگا، عباس عراقچی

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے ایران پر مزید سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی دباؤ اور پابندیاں ماضی میں بھی ناکام ہو چکی ہیں اور موجودہ اقتصادی کارروائی بھی ناکامی سے دوچار ہوگی۔
عباس عراقچی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کو غیر مشروط سرنڈر پر مجبور کرنے کی کوشش بھی ناکام ہو چکی ہے، ہم یہ فلم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں یاد دلایا کہ 2012ء میں بھی امریکا نے ایران کے خلاف پابندیوں کو تاریخ کی سب سے تباہ کن پابندیاں قرار دیا تھا، تاہم ان کے بقول وہ پالیسی ناکام ثابت ہوئی۔
عراقچی نے چند برس قبل شروع کی گئی امریکی ’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘ کی مہم کو بھی ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً پانچ ماہ قبل امریکا کی جانب سے ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا، لیکن یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی حکمت عملی میں الفاظ اور چہرے تبدیل ہوسکتے ہیں، لیکن ایران کو اقتصادی اور سیاسی دباؤ کے ذریعے جھکانے کی کوشش نئی نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین اقتصادی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی ایران پر سخت ترین پابندیاں عائد کرنے اور دیگر ممالک سے امریکا کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔



