پنجاب بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کے نئے اوقات کار جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کے نئے اوقات کار جاری کردیئے، نئے شیڈول کا اطلاق 24 اگست سے ہوگا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری سکولوں کے نئے اوقات کار 24 اگست سے 15 اکتوبر تک نافذ رہیں گے۔
سنگل شفٹ سکولز پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کو تدریسی اوقات صبح 8 بجے سے 12:45 بجے تک ہوں گے۔
ڈبل شفٹ سکولز میں مارننگ شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے 12:30 بجے تک اور جمعہ کو صبح 8 بجے سے 12 بجے تک ہوگی۔
ایوننگ شفٹ پیر سے جمعرات دوپہر 1 بجے سے شام 5:30 بجے تک جبکہ جمعہ کو دوپہر 2 بجے سے شام 5:30 بجے تک جاری رہے گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے چیف ایگزیکٹو افسران، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو نئے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گرلز سکولوں کے اوقات کار میں 15 منٹ کا فرق ضلعی سطح پر ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جاسکے گا۔



