ایران دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا، جنگ ختم کرنے کا وقت آچکا ہے، مسعود پزشکیان

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کسی صورت دھونس اور دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا اور دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ جنگ کسی نہ کسی مرحلے پر ختم ہونی ہے، اس لیے بہتر ہے کہ موجودہ صورتحال میں جنگ ختم کی جائے کیونکہ ایران ایک مضبوط پوزیشن میں ہے۔ ان کے مطابق ایران کو جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مہنگائی اور دیگر معاشی مسائل کا بھی سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران دباؤ کے باوجود اپنی مزاحمت جاری رکھے گا اور کسی بھی دھمکی کے سامنے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگ کا خاتمہ ایسے وقت ہونا چاہیے جب ایران اپنی طاقت اور وقار برقرار رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی امریکا کی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے منصوبہ بندی پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن مسلم ممالک کے وسائل اور خام مال پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایران اور عراق کسی کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔



