ایران معاہدہ چاہتا ہے مگر ’درست ڈیل‘ کیلئے تیار نہیں، ٹرمپ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم وہ ان کے بقول درست معاہدے کے لیے ابھی تیار نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر اقتصادی دباؤ کے باوجود امریکا کے فوجی آپشنز محدود نہیں ہوئے اور ایران کے خلاف تمام فوجی آپشنز بدستور موجود ہیں۔

امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو خطے میں مکمل کنٹرول حاصل ہے اور آبنائے ہرمز سے متصل زمینی علاقوں پر بھی امریکی کنٹرول ہے۔

ٹرمپ نے ایران کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں مہنگائی انتہائی بلند سطح پر ہے، ایران کے پاس پیسہ نہیں اور وہ اپنے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو تنخواہیں ادا نہیں کر رہا۔ انہوں نے ایران میں افراطِ زر 350 فیصد تک پہنچنے کا دعویٰ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی دباؤ جاری ہے اور واشنگٹن اب اس کے اثرات کا جائزہ لے گا۔

آبنائے ہرمز پر امریکی صدر کے تازہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور اہم آبی گزرگاہ کے مستقبل پر دونوں جانب سے سخت بیانات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button