میرپورخاص تعلیمی بورڈ کی حج قرعہ اندازی، 3 ملازمین 2027 میں فریضہ حج ادا کریں گے

میرپورخاص (رپورٹ: شاہد میمن، جانو ڈاٹ پی کے) تعلیمی بورڈ میرپورخاص میں حج 2027ء کے لیے سالانہ قرعہ اندازی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شفاف انداز میں قرعہ اندازی کے ذریعے تین ملازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے خوش نصیب قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈ کے ملازمین کو تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرکے قرعہ اندازی کی گئی۔ گریڈ 1 سے 8 تک کے 87 ملازمین میں سے احمد قریشی کا نام نکلا، جبکہ گریڈ 9 سے 16 تک کے 47 ملازمین میں سے نبیلہ پروین حج 2027ء کے لیے منتخب ہوئیں۔
اسی طرح گریڈ 17 اور اس سے زائد کے 19 ملازمین میں سے عمر خانزادہ کا نام قرعہ اندازی میں نکلا۔ تینوں خوش نصیب ملازمین تعلیمی بورڈ میرپورخاص کی جانب سے حج 2027ء کی سعادت حاصل کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپورخاص کرنل (ر) ڈاکٹر سید علمدار رضا نے کہا کہ حج ایک عظیم عبادت اور ہر مسلمان کی دلی خواہش ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جن ملازمین کے نام قرعہ اندازی میں نکالے ہیں وہ انتہائی خوش نصیب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے ملازمین کے لیے حج کی سہولت ایک قابلِ قدر اقدام ہے، جس کا مقصد ملازمین کو مذہبی فریضہ ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
چیئرمین نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے تینوں ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقدس سفر کے دوران ملک، ادارے، اپنے ساتھی ملازمین اور پوری قوم کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
اس موقع پر سیکریٹری تعلیمی بورڈ نوید علی اور ناظم امتحانات محمد حسن نوہڑی نے بھی خطاب کیا اور قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب میں اپیکا تعلیمی بورڈ یونٹ کے صدر نعمان راجپوت، ارشد زبیر اور سید علی شان شاہ سمیت دیگر عہدیداران اور تعلیمی بورڈ کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر حج کے لیے منتخب ہونے والے تینوں خوش نصیب ملازمین کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد دی گئی اور ان کے لیے مقدس سفر کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔



