5سال پرانا قتل کیس انجام کو پہنچ گیا،مرکزی ملزم مظفر جت کو عمر قید کی سزا

سجاول (جانو ڈاٹ پی کے) پانچ سال قبل ہونے والے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج اعجاز شاہ کی عدالت نے مرکزی ملزم مظفر جت کو عمر قید کی سزا سنا دی، جس کے بعد مقتول کے اہلخانہ کی جانب سے انصاف کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
عدالت کے مطابق مظفر جت کے خلاف اللہ بچایو ولد صدیق جت کے قتل اور غلام نبی جت کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج تھا، جس کی سماعت کے بعد عدالت نے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی۔
مقدمے کی تفصیلات کے مطابق مقتول اللہ بچایو جت کے بھائی محمد حنیف جت کی مدعیت میں 16 اگست 2020 کو میرپور بٹھورو تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پانچ سال تک جاری رہنے والی قانونی کارروائی کے بعد عدالت کا فیصلہ سامنے آیا تو کیس ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا۔
مقدمے سے متعلق ایک اہم پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سزا پانے والا ملزم مقتول پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما ربڏنو جت کے قتل کیس میں بھی مرکزی ملزم نامزد ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد علاقے میں سیاسی و سماجی حلقوں میں بھی اس مقدمے کے حوالے سے بحث جاری ہے، جبکہ مقتول کے خاندان کو امید ہے کہ دیگر مقدمات میں بھی قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔



