ن لیگی رہنما سینیٹر عابد شیر علی دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سینیٹر عابد شیر علی دوبارہ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ ان کی دوسری شادی اسلام آباد میں انتہائی محدود اور نجی تقریب کے دوران ہوئی۔
قریبی خاندانی ذرائع کے مطابق عابد شیر علی کی اہلیہ کا تعلق ہری پور کے ایک معروف کاروباری خاندان سے ہے، جس کے عابد شیر علی کے خاندان سے پہلے سے قریبی تعلقات ہیں۔
ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب میں فیصل آباد سے ایم پی اے میاں طاہر پرویز سمیت صرف قریبی عزیزوں اور منتخب شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ عابد شیر علی کی پہلی اہلیہ چند سال قبل بیماری کے باعث انتقال کر گئی تھیں، جس کے بعد وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔
عابد شیر علی کی دوسری شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد دوستوں، عزیزوں اور پارٹی کارکنان کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔