حملوں کیلئے سرزمین دینے والے ممالک کو بھاری قیمت چکانا ہوگی، ایران کی وارننگ


تہران(ویب ڈیسک) ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل علی عبداللہی نے امریکا کو اپنی سرزمین سے ایران پر حملوں کی اجازت دینے والے ممالک کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ممالک کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
علی عبداللہی نے کہا کہ ایران سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں رہتی، اس لیے جو ممالک امریکی فوج کو اپنی سرزمین یا سہولیات فراہم کریں گے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایران اس اقدام کو امریکا کے ساتھ جنگ میں شرکت کے مترادف سمجھے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ امریکی فوج کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا ایران کے خلاف جنگ میں شریک ہونے کے برابر ہوگا۔
ایرانی فوج کی یہ وارننگ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرچکی ہے اور خلیجی خطے میں امریکی فوجی موجودگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر دونوں ممالک کے درمیان سخت بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔