اوپن اے آئی کا نوعمر صارفین کیلئے چیٹ جی پی ٹی میں مزید حفاظتی اقدامات کا اعلان

لندن(جانوڈاٹ پی کے)چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی نے 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ میں مزید حفاظتی اقدامات متعارف کرا دیے۔

اوپن اے آئی کے مطابق نئے ’’چیٹ جی پی ٹی فار ٹینز‘‘ تجربے کا مقصد نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کے حد سے زیادہ انسانی تاثر اور غیر صحت مند استعمال سے محفوظ رکھنا ہے۔

نوجوان صارفین اب چیٹ جی پی ٹی کی انسان جیسی آواز میں جواب دینے کی صلاحیت کو بند کرسکیں گے، جبکہ انہیں وقفے لینے کی یاد دہانیاں بھی دی جائیں گی تاکہ وہ طویل عرصے تک چیٹ بوٹ کے استعمال سے گریز کریں۔

کمپنی کے مطابق اکاؤنٹ بناتے وقت 13 سے 17 سال کی عمر ظاہر کرنے والے صارفین کو خودکار طور پر نوعمر اکاؤنٹ میں شامل کیا جائے گا، جبکہ کمپنی کے نظام کی جانب سے 18 سال سے کم عمر قرار دیے جانے والے صارفین کو بھی یہی محفوظ تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ چیٹ جی پی ٹی 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے دستیاب نہیں۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ نئے اقدامات کسی ایک مخصوص واقعے کے ردعمل میں نہیں کیے گئے، تاہم کمپنی مصنوعی ذہانت کے ایسے نظاموں سے متعلق خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات بڑھا رہی ہے جن کے باعث بعض صارفین چیٹ بوٹس کو انسانی شعور رکھنے والا سمجھ سکتے ہیں۔

نوجوانوں کی تعلیم کے لیے چیٹ جی پی ٹی میں اسٹڈی موڈ کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے، جس میں طلبہ کو براہ راست جواب دینے کے بجائے سوالات اور مرحلہ وار رہنمائی کے ذریعے مسائل سمجھنے میں مدد دی جاتی ہے۔

نوجوان صارفین یا ان کے والدین مخصوص اوقات میں اسٹڈی موڈ کو ڈیفالٹ بنانے کے لیے ’’اسٹڈی آورز‘‘ مقرر کرسکیں گے، جبکہ دیگر اوقات میں چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے ’’کوائٹ آورز‘‘ جیسی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button