توانائی کے قومی انٹیگریٹڈ پلان 2027 تا 2060 کے اعلیٰ سطح کے ڈیزائن کی منظوری دیدی گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے قومی انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027 تا 2060 کے اعلیٰ سطح کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے اور پاور ڈویژن کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

پاور ڈویژن سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی انٹیگریٹڈ انرجی پلان توانائی کے شعبے کے لیے طویل المدتی اور مربوط فریم ورک فراہم کرے گا، توانائی کے مختلف شعبوں کو الگ الگ نہیں بلکہ ایک مربوط نظام کے تحت منصوبہ بندی کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان توانائی کے شعبے میں رابطے اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا، انٹیگریٹڈ انرجی پلان چار بنیادی ستونوں توانائی، معیشت، ایکویٹی اور ماحول پر مبنی ہے اور  منصوبے کا مقصد محفوظ، قابل اعتماد اور مضبوط توانائی نظام کا قیام ہے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مالی طور پر پائیدار اور مسابقتی توانائی کے شعبے کے فروغ کو قومی انٹیگریٹڈ انرجی پلان کا اہم ہدف قرار دیا گیا، قومی انٹیگریٹڈ انرجی پلان کے ذریعے منصفانہ اور قابل رسائی توانائی منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا اور منصوبہ کم کاربن، ماحول دوست اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ توانائی کے نظام کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق مربوط منصوبہ بندی سے غیر ضروری اور متضاد سرمایہ کاری سے بچنے میں مدد ملے گی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کی بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے وسائل کا مؤثر استعمال ممکن بنایا جائے گا اور مقامی توانائی وسائل کے زیادہ استعمال اور مہنگی درآمدی توانائی پر انحصار میں کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

منصوبے کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ عام صارف کے لیے سستی، قابل اعتماد اور سب کے لیے قابل رسائی توانائی کی فراہمی منصوبے کا بنیادی مقصد ہے، قابل تجدید توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور جدید ٹیکنالوجیز کے بہتر انضمام پر بھی توجہ دی جائے گی۔

پاور ڈویژن کے مطابق قومی انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027 تا 2060 پاکستان کے توانائی کے مستقبل کے لیے طویل المدتی سمت کا تعین کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button