مریم نواز کا بڑا حکم، راجن پور میں فوری 21 واٹر باؤزر فراہم کرنے کی ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راجن پور میں فوری طور پر 21 باؤزر مہیا کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہور میں مریم نواز کی زیر صدارت صاف پانی کی فراہمی سے متعلقہ اجلاس ہوا، جس میں راولپنڈی، راجن پور، فیصل آباد، مری، اٹک میں واٹر سپلائی پائپ لائن پروجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے آبادی کے مطابق پانی کی ضرورت کا مستند ڈیٹا مرتب اور تصدیق کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے راجن پور میں فوری طور پر 21 باؤزر مہیا کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی مری میں بھی پینے کے پانی کی فراہمی کےلیے واٹر ٹینک مہیا کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے روجھان میں بیوٹیفکیشن اور دیگر پروجیکٹ لانے اور مری میں نئے واٹر سورس پر کام کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چکوال، راولپنڈی، اٹک، راجن پور اور مری میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر چک جھمرو اور فیصل آباد کے مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کےلیے پائلٹ پروجیکٹ پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی پہنچانے کا عزم غیر متزلزل ہے، پنجاب میں جہاں لوگ کندھے پر رکھ کر پانی لانے پر مجبور ہیں، وہ علاقے ترجیحات میں شامل ہیں۔



