اوکاڑہ میں 12 ربیع الاول کی تیاریاں، فول پروف سیکیورٹی کا فیصلہ

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ضلعی امن و بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی کا اہم اجلاس، اجلاس میں ضلعی افسران، علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ علماء کی جانب سے روٹس پر پنکھوں کے اضافے، سبیلوں کی تنصیب اور پیچ ورک سمیت دیگر گزارشات پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے 12 ربیع الاول پر فول پروف سیکیورٹی اور بہترین انتظامی سہولیات کی یقین دہانی کروائی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ عقیدت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر شاندار انتظامات کیے جائیں گے۔ تمام متعلقہ محکمے اس سلسلے میں جامع حکمت عملی کے تحت تیاریاں شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی کے سلسلہ میں باہمی کوارڈینیشن کو فروغ دیا جائے۔ عید میلاد النبیؐ کا مقدس موقع ہم سے اتحاد، بین المسلمین ہم آہنگی اور باہمی رواداری کا تقاضا کرتا ہے۔ ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ محکمے اپنے فرائض مکمل ذمہ داری سے ادا کریں۔ امن کمیٹی کے ممبران اور علمائے کرام نے انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بھائی چارے و مذہبی رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button