پاکستان میں سمندر کنارے گیس کی بڑی دریافت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میں سمندر کنارے بہترین معیار کی گیس کی پہلی کامیاب دریافت کا اعلان کردیا گیا ہے، جسے ملک کے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے ترجمان کے مطابق خشکی اور سمندر کے کنارے واقع نئے ہائیڈرو کاربن ضلع سجاول میں دریافت ہوئے ہیں۔ سرانی بلاک کے کنویں ڈولفن ایکس ون سے گیس کی پہلی اور اہم دریافت ہوئی ہے، جو لوئر انڈس بیسن کی چلتن فارمیشن سے ہونے والی پہلی دریافت قرار دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق کنویں سے یومیہ تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔ کنویں کی کھدائی 17 اپریل کو شروع کی گئی تھی اور اسے 3 ہزار 850 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔
پی پی ایل کے مطابق سرانی بلاک میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ 75 فیصد حصے کے ساتھ آپریٹر ہے، جبکہ جی ایچ پی 25 فیصد حصے کے ساتھ شراکت دار ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے اس اہم پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے۔ اعلامیے میں منصوبے کے لیے پاکستان نیوی کے تعاون پر بھی اظہارِ تشکر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق سمندر کے قریب دلدلی زمین اور ممکنہ کم گہرائی والے علاقے میں یہ دریافت ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کے مطابق اس کامیابی سے پاکستان کے شیلو آف شور علاقوں میں مزید تیل و گیس کی تلاش کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔



