پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں آخری مرحلے میں، پولنگ تاریخ پر فیصلہ 20 اگست کو ہوگا


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ کی تاریخ طے کرنے کے لیے پنجاب حکومت کو اجلاس میں طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے اہم فیصلہ 20 اگست کو ہونے والے اجلاس میں متوقع ہے۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے حکام بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور پولنگ کی تاریخ سے متعلق مشاورت کریں گے۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں سمیت دیگر ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولنگ کی تاریخ طے ہونے کے بعد انتخابی عمل کا باقاعدہ شیڈول بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان ہونے والے اجلاس کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔