شرمیلا ٹیگور نے شادی کے وقت اسلام قبول کیا، صبا پٹودی کے اہم انکشافات

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف پٹودی خاندان کی مذہبی زندگی کے حوالے سے صبا پٹودی نے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی والدہ اور معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے سابق بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا تھا۔
حال ہی میں یوٹیوب چینل ’بگ بالی ووڈ بفز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صبا پٹودی نے اپنے مذہب کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلمان ہیں اور اسلام سے دلی وابستگی رکھتی ہیں، تاہم وہ دیگر مذاہب کا بھی مکمل احترام کرتی ہیں۔
صبا پٹودی کے مطابق ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور، جنہیں وہ پیار سے ’اماں‘ کہتی ہیں، نے منصور علی خان پٹودی سے شادی کے وقت اسلام قبول کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے بچوں کو بھی اسلام، رمضان اور دیگر مذہبی امور کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ وہ مذہب کے حوالے سے کسی الجھن کا شکار نہ ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر میں ہندو مذہب کی باقاعدہ مذہبی رسومات ادا نہیں کی جاتی تھیں، تاہم بچوں کو مختلف مذاہب کے بارے میں سمجھنے اور اپنی مرضی سے مذہبی راستہ اختیار کرنے کی آزادی حاصل تھی۔
صبا پٹودی کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان میں کسی مذہب کو زبردستی مسلط نہیں کیا گیا۔ وہ بچپن سے عید کے ساتھ ساتھ کرسمس، دیوالی اور ہولی سمیت مختلف تہوار بھی مل جل کر مناتے رہے ہیں۔
ان کے مطابق عقیدہ ہر انسان کا ذاتی معاملہ ہے اور اسے کسی دوسرے شخص پر زبردستی مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے بہن بھائیوں نے بھی مختلف مذاہب میں شادیاں کیں اور خاندان میں مذہب کے معاملے پر غیر معمولی سختی نہیں برتی جاتی۔
اس سے قبل صبا کے بھائی سیف علی خان بھی اپنے بچوں کی مذہبی تربیت کے حوالے سے بات کر چکے ہیں۔ ایک پروگرام میں سیف علی خان نے بتایا تھا کہ وہ اپنے بچوں تیمور اور جہانگیر کو یہ سکھاتے ہیں کہ خدا ایک ہے، تاہم اسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔
پٹودی خاندان میں مختلف مذاہب میں شادیوں کی بھی ایک طویل روایت رہی ہے۔ سیف علی خان کی پہلی شادی اداکارہ امرتا سنگھ اور دوسری شادی اداکارہ کرینہ کپور سے ہوئی، جبکہ ان کی بہن سوہا علی خان نے ہندو اداکار کنال کھیمو سے شادی کی۔
دوسری جانب شرمیلا ٹیگور بھی ماضی میں اپنے مذہب تبدیل کرنے کے تجربے پر بات کر چکی ہیں۔ ایک پرانے انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد شادی سے قبل ان کا نام ’عائشہ‘ رکھا گیا تھا۔
شرمیلا ٹیگور کے مطابق اسلام قبول کرنا نہ تو بہت آسان تھا اور نہ ہی بہت مشکل، تاہم اس تجربے کے دوران انہیں ہندو مذہب اور اسلام دونوں کو مزید سمجھنے کا موقع ملا۔



