ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

لاس اینجلس (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کی موت کی تصدیق والد اسکیپ پنیٹیئر نے کی، تاہم فوری طور پر موت کی وجہ سامنے نہیں آسکی اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ہیڈن پنیٹیئر نے بطور چائلڈ اسٹار اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور ٹی وی و فلموں میں طویل عرصے تک کام کیا۔ انہیں عالمی شہرت مقبول ٹی وی سیریز ’ہیروز‘ میں کلیئر بینیٹ اور میوزیکل ڈراما سیریز ’نیش وِل‘ میں جولیٹ بارنز کے کردار سے ملی۔
ان کے والد اسکیپ پنیٹیئر نے بیٹی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان اس ناقابلِ تصور صدمے سے گزر رہا ہے اور اس وقت ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے ہیڈن کو غیر معمولی روشنی اور مضبوط شخصیت قرار دیا، جو اپنے جاننے والوں اور دنیا بھر میں انہیں پردہ اسکرین پر دیکھنے والے لاکھوں افراد کے لیے محبت اور خوشیاں لاتی تھیں۔
اداکارہ نے ’ریممبر دی ٹائٹنز‘، ’ریزنگ ہیلن‘، ’آئس پرنسس‘ اور ’سکریم 4‘ سمیت متعدد معروف فلموں میں اداکاری کی۔ وہ ’سکریم‘ فرنچائز میں کربی ریڈ کے کردار سے بھی جڑی رہیں۔
ہیڈن پنیٹیئر نے اپنی ذاتی زندگی کے مشکل تجربات کے بارے میں بھی کھل کر بات کی تھی۔ رواں سال ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’This Is Me: A Reckoning‘ شائع ہوئی، جس میں انہوں نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن، نشے، بحالی اور اپنی زندگی کے دیگر مشکل تجربات کا ذکر کیا۔
ہیڈن ایک بیٹی کایا کلِتھچکو کی والدہ تھیں، جو 2014 میں ان کے سابق منگیتر اور یوکرینی ہیوی ویٹ باکسر ولادیمیر کلِتھچکو کے ساتھ تعلق سے پیدا ہوئی۔ کایا اس وقت اپنے والد کے ساتھ رہتی ہیں۔



