عمران خان کی صحت اور جیل ملاقاتوں کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع، 84 ملاقاتوں کا انکشاف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق دو صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے ساتھ 24 صفحات پر مشتمل اخباری تراشے اور عمران خان کے ڈاکٹروں کی جانب سے کیے گئے طبی معائنوں کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے تحت ہر منگل کو باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 84 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے کھانے پینے کی دن میں تین مرتبہ جانچ کے ساتھ ان کا باقاعدگی سے میڈیکل چیک اپ بھی کیا جاتا ہے۔ متعدد سرکاری معالجین بھی ان کا طبی معائنہ کر چکے ہیں۔

جیل حکام کے مطابق ماہرِ امراضِ چشم سے بھی عمران خان کی آنکھ کا علاج کرایا جاتا رہا ہے، جس کے بعد ایک آنکھ تقریباً نارمل ہو چکی ہے۔

رپورٹ میں 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک 39 مختلف طبی ماہرین کی جانب سے عمران خان کے کیے گئے چیک اپ کی سمری بھی شامل کی گئی ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ مقدمہ نمٹا دیا جائے۔

رپورٹ میں پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کی جانب سے ہائیکورٹ میں دی گئی یقین دہانی کا بھی حوالہ دیا گیا، جس کے مطابق ملاقات کے بعد جیل کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

جیل حکام کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود میڈیا سے گفتگو کی گئی، جسے رپورٹ میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button