بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، 3 زخمی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کلی زائیک کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بسیمہ کیمپ سے تقریباً 12 کلومیٹر شمال میں کلی زائیک اور کاغلی کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم اور آئی ای ڈی تیار کرنے کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔



