اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی خطرناک حد تک بلند

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی، جس کے بعد انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجا کر قریبی آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 17 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور کناروں پر آباد شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ڈھوک کھبہ اور صادق آباد میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
گولڑہ میں 144 ملی میٹر بارش ریکارڈ
اعداد و شمار کے مطابق گولڑہ میں سب سے زیادہ 144 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بوکرہ میں 132، پیرودھائی میں 105 جبکہ گوالمنڈی میں 77 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ادھر گجرات، سیالکوٹ، جہلم، شکرگڑھ اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
پنجاب میں مون سون کے چھٹے اسپیل کا الرٹ
محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 21 اگست تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔



