مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: شہباز شریف کا ٹرمپ کی حمایت پر اظہارِ تشکر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت بھرے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برادر ممالک کے ساتھ مل کر خطے کے دفاع اور پائیدار امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ وہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت بھرے اور حوصلہ افزا کلمات کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، برادر ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر نہ صرف اپنے برادر ممالک بلکہ پورے خطے کے دفاع کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرأت مندانہ اور فیصلہ کن قیادت نے جنوبی ایشیا میں جوہری تباہی کو ٹالنے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار امن عوام کے روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم بنیادی شرط ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے تینوں ممالک کی جانب سے ایک اہم اور جرأت مندانہ قدم قرار دیا ہے۔
ادھر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے انکشاف کیا ہے کہ مصر بھی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتا ہے، جس سے معاہدے کے دائرہ کار میں مزید توسیع کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔



