کوٹ ادو: باراتیوں سے بھرا رکشہ نہر میں گرنے کا سانحہ، جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی


کوٹ ادو (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے شہر کوٹ ادو میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ مظفرگڑھ کینال میں گرنے کے المناک حادثے میں مزید 2 بچوں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے آٹھویں روز مظفرگڑھ کینال میں سرچ آپریشن کے دوران دو مزید بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ ایک بچے کی تلاش تاحال جاری ہے۔
حکام کے مطابق برآمد ہونے والی لاشوں کی شناخت 6 سالہ منیب راشد اور 9 سالہ شاکر کے نام سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ 11 اگست کو باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ مظفرگڑھ کینال میں جا گرا تھا۔ رکشے میں 26 افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 11 افراد کو نہر سے نکال کر بچا لیا تھا۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر امدادی اور سرچ آپریشن شروع کیا، جو تاحال جاری ہے۔