ٹرمپ کا جنوبی کوریا کے ساتھ فوجی مشقیں کم کرنے کا حکم، شمالی کوریا سے تعلقات بہتر بنانے کا اشارہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں نمایاں طور پر کم کرنے کی ہدایت کر دی۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں شمالی کوریا کے لیے نامناسب اور مخالفانہ پیغام بھیجتی ہیں، جبکہ ان مشقوں پر امریکا کو بھاری اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔

امریکی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ صدارت میں شمالی کوریا نے امریکا کے لیے کوئی خطرہ پیدا نہیں کیا اور احترام کا مظاہرہ کیا ہے۔

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ جنوبی کوریا نے ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی امریکی کوششوں میں شامل ہونے سے انکار کیا تھا۔

امریکی صدر کے بیان کو شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان سفارتی روابط بحال کرنے کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button