وفاقی حکومت کے قرضوں میں 28 ماہ کے دوران 18 ہزار 832 ارب روپے کا اضافہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت کے ابتدائی 28 ماہ کے دوران قرضوں میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا اضافہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 تک 28 ماہ کے دوران وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 16 ہزار 766 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضے میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں اوسطاً روزانہ 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
نگران حکومت کے آخری مہینے فروری 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 64 ہزار 810 ارب روپے تھا، جو 28 ماہ میں اضافے کے بعد جون 2026 تک بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے ہوگیا۔ حالیہ رپورٹس بھی جون 2026 میں وفاقی حکومت کے قرضے اسی سطح پر پہنچنے کی تصدیق کرتی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری 2024 تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 59 ہزار 441 ارب روپے ہوگیا۔
اسی طرح فروری 2024 میں وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر تقریباً 24 ہزار 201 ارب روپے ہوگیا۔



