پنجاب بھر میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا عزم ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ضلع اٹک میں عوامی ضروریات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارکانِ اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد دی اور ضلع اٹک میں الیکٹروبس سروس کے آغاز کو سراہا۔

ارکان نے بتایا کہ پی او ایف سنجوال تا حضرو اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈھوک فتح سے اٹک خورد تک الیکٹروبس سروس شہریوں کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اٹک اور گردونواح میں سروس کے اجرا پر عوام کا ردعمل انتہائی مثبت ہے۔

ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے مفت سفری سہولت ایک بڑی سہولت ہے، جبکہ مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت دیہات کی اپ گریڈیشن بھی ایک اہم اقدام ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرز پر صاف پانی کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صفائی کے بعد اب پورے پنجاب کے تمام شہروں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ان کا عزم ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز کا جال بچھایا، جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں نکاسی آب، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button