کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، مبینہ دہشتگرد گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان رینجرز سندھ اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جیکب لائن، جمشید ٹاؤن سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔

رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شہزاد عرف ڈنگر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق فتنہ الخوارج کے منصور گروپ سے بتایا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دہشتگرد منصور نے شہزاد کو کراچی سے تنظیم کے لیے فنڈنگ جمع کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ گرفتار ملزم مبینہ طور پر مختلف افراد سے ماہانہ بنیادوں پر فتنہ الخوارج کے لیے رقم جمع کرتا رہا، جو ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے ذریعے وزیرستان منتقل کی جاتی تھی۔

رینجرز کے مطابق منتقل کی جانے والی رقوم دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں استعمال ہوتی تھیں۔ گرفتار ملزم مبینہ طور پر وزیرستان جاکر دہشتگرد منصور سے خفیہ ملاقاتیں بھی کرتا رہا، جبکہ جون 2026 میں بیرمل میں منصور سے ملاقات کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران منصور نے شہزاد کو دہشتگردی اور بھتہ وصولی کے لیے نیٹ ورک مزید مضبوط کرنے کا ٹاسک دیا، جس کے بعد ایک نامعلوم ساتھی کے ذریعے ملزم کو اسلحہ اور بارود فراہم کیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی حساس مقامات پر دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران مبینہ نیٹ ورک، مالی معاونت اور دیگر ساتھیوں سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button