کراچی میں جشنِ آزادی پر روایتی گدھا گاڑی ریس، کوئل نے میدان مار لیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) جشنِ آزادی کے موقع پر کراچی میں روایتی گدھا گاڑی ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے 40 گدھا گاڑیوں نے حصہ لیا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں مجید بلوچ کے گدھے کوئل نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
ریس نیتی جیٹی پل سے شروع ہوکر کمشنر آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ فاتح گدھے کوئل پر مجید بلوچ سوار تھے، جبکہ پیتل بخش کے چیما والا نے دوسری اور شاہ جہاں بلوچ کے لال بادشاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر کراچی حسن نقوی تھے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ وہ بچپن سے گدھا گاڑی ریس دیکھتے آئے ہیں اور خود بھی کیماڑی میں رہے ہیں۔ ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ یہ روایتی ریس کم ہوتی جارہی ہے۔
آزاد خان نے کمشنر کراچی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گدھا گاڑی ریس کی روایت کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری کراچی کا دل ہے اور انہوں نے اپنی ملازمت کا آغاز بھی لیاری سے کیا تھا۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ اس روایتی کھیل کو فروغ دینے کے لیے اسپانسرز کی ضرورت ہے کیونکہ گدھا گاڑی ریس ایک مہنگا شوق ہے۔ انہوں نے ریس میں حصہ لینے والے تمام افراد کو مبارکباد بھی پیش کی۔
ریس کے اختتام پر کامیاب شرکا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عبدالمجید کو 50 ہزار روپے نقد اور ٹرافی، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 30 ہزار روپے نقد اور ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے شاہ جہاں بلوچ کو 20 ہزار روپے نقد اور ٹرافی دی گئی۔
کمشنر کراچی حسن نقوی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔ جشنِ آزادی پر منعقد ہونے والی اس منفرد ریس نے شہریوں کو محظوظ کرنے کے ساتھ ساتھ کراچی کی ثقافتی اور کھیلوں کی روایات کو بھی اجاگر کیا۔



