خاران میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لجے میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بھاری مقدار میں گولہ بارود، جنگی سامان، 2 گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کردیئے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد خاران اور لجے کے علاقوں میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

سکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک تعاقب جاری رکھا جائے گا اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button