سعودی حکام نے عمرہ زائرین کیلئے نئی ہدایات جاری کردیں

مکہ مکرمہ(جانوڈاٹ پی کے)سعودی حکام نے عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں رش سے بچنے اور مناسک کی ادائیگی میں آسانی کے لیے کم رش والے اوقات میں طواف اور سعی کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کردی۔

سعودی جنرل اتھارٹی کے مطابق مسجد الحرام میں رش کی صورتحال مختلف اوقات میں تبدیل ہوتی رہتی ہے، اس لیے زائرین کو چاہیے کہ وہ پہلے سے مناسب وقت کا انتخاب کریں تاکہ مطاف اور مسعی میں آمدورفت آسان رہے۔

حکام کے مطابق مسجد الحرام میں رات 10 بجے سے صبح 4 بجے تک رش نسبتاً کم رہتا ہے۔صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بھی رش کم ہوتا ہے۔صبح 5 بجے سے 8 بجے تک رش درمیانے درجے کا رہتا ہے۔شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک مسجد الحرام میں سب سے زیادہ رش ہوتا ہے۔

سعودی حکام نے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ رش سے بچنے کے لیے اپنے مناسک کی پہلے سے منصوبہ بندی کریں اور مسجد الحرام میں دستیاب ڈیجیٹل سہولیات اور لائیو رش کی صورتحال سے بھی استفادہ کریں۔

حکام کے مطابق مناسب اوقات میں طواف اور سعی کی منصوبہ بندی سے ہجوم کم کرنے، آمدورفت کو آسان بنانے اور زائرین کو مناسک زیادہ سہولت کے ساتھ ادا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ عمرہ سیزن کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے دوران 9 لاکھ 20 ہزار 500 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ گزشتہ ماہ جاری اعدادوشمار میں عمرہ ویزے پر مملکت آنے والوں کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا تھا۔

زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سعودی حکام نے پیشگی منصوبہ بندی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا بنیادی مقصد مسجد الحرام میں ہجوم کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور زائرین کی آمدورفت کو زیادہ رواں رکھنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button