آزاد کشمیرکےعوام نےدنگافساداوراحتجاج کوووٹ کی طاقت سےشکست دی،جدیدپاکستان کےبانی نوازشریف ہیں،مریم نواز

مری(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں جیتی تو دھاندلی کی بات نہیں کی،آزاد کشمیر میں ہار گئی تو دھاندلی کا الزام لگا دیا۔
ن لیگ آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں ن لیگ کو کامیابی ملی، آزاد کشمیر کے عوام نے مشکل حالات میں بہترین فیصلہ کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ دنگا فساد، قتل و غارت، خون خرابہ، احتجاج، ہڑتالوں کو آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے شکست دی، شرپسند عناصر پاکستان اور آزاد کشمیر کو لڑوانا چاہتے تھے، ان کے لیے شکست فاش ہے، آزاد کشمیر کے عوام کو پتا ہے ان کو کیا چاہیے ان کو پتا ہے کہ وفاق اور پنجاب میں کیا کام ہورہا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے تعمیر و ترقی کو ووٹ دیا، الیکشن بڑا ٹیسٹ نہیں تھا اب ہمارا ٹیسٹ شروع ہوگیا ہے، جتنی سازشیں ن لیگ کے خلاف ہوتی آئی ہیں شاید ہی کسی اور جماعت کے خلاف ہوئی ہوں، ہمارے قائدین کو بھی بہت مشکل مراحل سے گزرنا پڑا، ہم نے پہلے دن سے کام کرنا ہے ، پروٹوکول اور دعوتوں سے لطف اندوز نہیں ہونا۔
مریم نواز نے کہا کہ 2021 کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کو 17 اور پی ٹی آئی کو 3 سیٹیں ملیں، حکومت بنتے ہی کشمیر کے لیے فوری کام شروع کرنا ہے، جدید پاکستان کا ایک بانی ہے اور اس کا نام نواز شریف ہے۔



