اوکاڑہ میں آزادی کا جشن،پرچم کشائی،کیک کٹنگ اورشجرکاری

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے)یومِ آزادی پاکستان کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر ضلع اوکاڑہ میں پروقار پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، پارلیمنٹیرینز، معززینِ شہر اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
مرکزی تقریب میں ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب میں پارلیمنٹیرین ریاض الحق جج، اراکینِ صوبائی اسمبلی غلام رضا ربیرہ، میاں محمد منیر سمیت دیگر افسران اور معززینِ شہر بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو شاندار سلامی پیش کی۔
شرکاء نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی 79ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا، جبکہ ڈی سی آفس کے لان میں شجرکاری بھی کی گئی۔
یومِ آزادی کے سلسلے میں تحصیل دیپالپور اور رینالہ خورد میں بھی پرچم کشائی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ دیپالپور میں اے ایس پی دیپالپور سرکل واحد بخش جبکہ رینالہ خورد میں ڈی ایس پی سرکل غازی آصف بیگ نے تقریبات میں شرکت کی۔
دونوں مقامات پر پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو شاندار سلامی پیش کی، جبکہ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکاء نے وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔



