اوکاڑہ میں جشنِ آزادی کے موقع پر شاندار منی میراتھن ریس، نوجوانوں کی بھرپور شرکت

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے)جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر اوکاڑہ میں شاندار منی میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں اور شہریوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
تقریب میں ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اراکینِ صوبائی اسمبلی غلام رضا ربیرہ، میاں محمد منیر اور ڈپٹی کمشنر ملک محمد اکرام نے خصوصی شرکت کی۔
منی میراتھن ریس بے نظیر روڈ پر سکندر چوک سے شروع ہو کر جہاز چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریس کے دوران نوجوانوں نے قومی جذبے کے ساتھ شرکت کی اور اپنی جسمانی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ریس کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکا کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
اس موقع پر ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ ایسی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں نظم و ضبط، صحت مند مسابقت اور مثبت سوچ کو فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا مستقبل ہے، انہیں مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
جوش و جذبے، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت سے بھرپور منی میراتھن ریس نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو مزید دوبالا کر دیا۔



