مسلح افواج کا یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد، خودمختاری اور ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر مسلح افواج نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے بانی رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جن کی قربانیوں، وژن، حوصلے اور عزم نے آزادی کے خواب کو ایک خودمختار پاکستان کی حقیقت میں تبدیل کیا۔ ان رہنماؤں کے اصول آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور پاکستان کے نظریات و اقدار کے تحفظ کی ترغیب دیتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے کہا کہ مسلح افواج اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، جبکہ سابق فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔ ان بہادر سپوتوں نے عزم و حوصلے کے ساتھ آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر خطرے کے خلاف مادرِ وطن کا دفاع اور آئین کی پاسداری جاری رکھی جائے گی۔ عوام کی جانب سے سونپی گئی مقدس ذمہ داری پوری دیانت داری کے ساتھ نبھائی جائے گی۔

مسلح افواج امن، استحکام اور قومی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں مضمر ہے۔

آئی ایس پی آر نے قوم پر زور دیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کی جائے اور قومی یکجہتی، رواداری اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کیا جائے۔

مسلح افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد!

مزید خبریں

Back to top button