اوکاڑہ میں ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن،3384موٹر سائیکل سواروں کے چالان

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت شہریوں کو ہیلمٹ کے استعمال کی ترغیب دینے کے لیے آگاہی مہم جاری۔ ڈی پی او ڈاکٹر اعجاز ملہی نے ٹینک چوک میں شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے موٹر سائیکل سواروں میں مفت ہیلمٹ بھی تقسیم کیے، تاکہ شہریوں کو دورانِ سفر حفاظتی اقدامات کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ گزشتہ ماہ ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے 3,384 موٹر سائیکل سواروں کے چالان کیے گئے، جن پر مجموعی طور پر 67 لاکھ 68 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ رواں ماہ بھی ہیلمٹ نہ پہننے پر تقریباً ایک ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کیے جا چکے ہیں، جبکہ شہریوں میں ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے شعور میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر اعجاز ملہی نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ پہنیں گے تو چالان نہیں ہوگا، مقصد جرمانے کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر اعجاز ملہی نے کہا کہ شہری سکوٹی، الیکٹرک بائیک اور موٹر سائیکل کی بروقت رجسٹریشن یقینی بنائیں اور بغیر رجسٹریشن سڑکوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ شہریوں کی سہولت، گاڑیوں کی شناخت اور محفوظ ٹریفک نظام کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے نتیجے میں مہلک ٹریفک حادثات میں واضح کمی آئی ہے، جبکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے باعث ہیڈ انجری کے کیسز میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کی ہیلمٹ انفورسمنٹ اور آگاہی مہم جاری رہے گی۔ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ لازمی پہنیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔



